ویب براؤزنگ کے علاوہ کروم ایڈریس بار کو آپ ان بہترین کاموں کیلئے بھی استعمال کرسکتے ہیں

0 62

گوگل کروم کا استعمال روزانہ کروڑوں افراد ویب براؤزنگ کے لیے کرتے ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کروم میں جس ایڈریس بار کو آپ استعمال کرتے ہیں اس کا آفیشل نام کیا ہے؟

اسے اومنی باکس کہا جاتا ہے اور یہ صرف ویب ایڈریسز کو اوپن کرنے اور گوگل سرچز تک محدود نہیں بلکہ اس سے آپ بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی اومنی باکس سے آپ بہت کچھ کر سکتے ہیں اور مختلف کاموں کے دوران کافی زیادہ وقت بھی بچا سکتے ہیں۔

تو جانیں کہ ویب براؤزنگ سے ہٹ کر آپ ایڈریس بار کو کن کاموں کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

جیمنائی سے چیٹ
گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی سے چیٹ کے لیے بھی اومنی باکس کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے ایڈریس بار پر @gemini لکھ کر اسپیس دیں اور پھر اپنا سوال لکھ کر انٹر بٹن دبائیں،

ایسا کرنے کے بعد گوگل جیمنائی متحرک ہو جائے گا۔

مختلف مفید معلومات حاصل کریں
اگر آپ جاننا چاہتے ہیں 10 کلومیٹر میں کتنے میل ہوتے ہیں یا 100 ڈالرز کے بدلے میں کتنے پاکستانی روپے مل سکتے ہیں تو اس کے لیے بھی کروم ایڈریس بار سے مدد لے سکتے ہیں۔

اس کے لیے ایڈریس بار پر جس چیز کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اس بارے میں ٹائپ کریں، جیسے روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر جاننا چاہتے ہیں تو ٹائپ کریں 34 pakistani rupees in us dollars اور انٹر بٹن دبائیں۔

بنیادی تخمینہ لگائیں
آپ کروم کو حساب کتاب کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

جیسے ایڈریس بار پر 352+92 یا 24*8 ٹائپ کریں اور نتیجہ فوری نظر آئے گا۔

درحقیقت آپ کو انٹر بٹن دبانے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی جبکہ آپ بریکٹس کو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

اگر آپ انٹر بٹن دباتے ہیں تو کروم کیلکولیٹر اوپن ہو جائے گا۔

موسم کا جائزہ لیں
کروم ایڈریس بار پر آپ موسم کا تازہ ترین حال بھی جان سکتے ہیں۔

اس کے لیے weather ٹائپ کریں اور بس، آپ کے شہر کا درجہ حرارت نظر آجائے گا۔

البتہ یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب آپ کروم کو موجودہ لوکیشن تک رسائی دیں گے۔

بک مارکس سرچ کریں
آپ کروم پر محفوظ بک مارکس کو بھی اومنی باکس پر سرچ کرسکتے ہیں اور بک مارک منیجر اوپن کرنے کی ضرورت نہیں۔

اس کے لیے کسی ایک بک مارک فولڈر کا نام ٹائپ کریں جس سے کروم کو علم ہوگا کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

نوٹس بنائیں
اگر آپ اپنے خیالات کو فوری طور پر تحریر کرنا چاہتے ہیں تو کسی اور پروگرام کو اوپن کرنے کی ضرورت نہیں۔

ایڈریس بار پر data:text/html, ٹائپ کرکے انٹر بٹن دبائیں۔

ایسا کرنے پر ایک بلینک ٹیب اوپن ہو جائے گا جس پر آپ کچھ بھی ٹائپ کرسکتے ہیں۔

اس میں فارمیٹنگ ٹولز یا آٹو سیو جیسے فیچرز موجود نہیں ہوں گے مگر فوری نوٹس بنانے کے لیے یہ بہترین آپشن ہے۔

الفاظ کی فوری وضاحت حاصل کریں
اگر کسی لفظ کا مطلب سمجھ نہیں آ رہا تو اس کے لیے بھی کروم سے مدد لے سکتے ہیں اور اس کے لیے آپ کو ویب پیج سے باہر نکلنے کی ضرورت بھی نہیں۔

ایڈریس بار پر define لکھ کر اسپیس بٹن دبائیں اور پھر مطلوبہ لفظ کو تحریر کریں، جس کے بعد اس کی بنیادی وضاحت سامنے آجائے گی۔

انسٹنٹ گوگل سرچز کریں
کروم ایڈریس بار پر انسٹنٹ گوگل سرچز کرنا بھی ممکن ہے۔

اس طرح کی سرچز میں آپ مختلف چیزوں کے بارے میں جان سکتے ہیں جیسے ایفل ٹاور کی بلندی کیا ہے، کسی معروف شخصیت کی عمر، کسی کمپنی کے حصص کی قیمت، مختلف ممالک کا حجم یا دیگر۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.