بھارت ہزاروں بےگناہ کشمیریوں کو شہیدکرچکا، دنیا کشمیر کو مزید نظرانداز نہیں کرسکتی،صدر زرداری

0 5

صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر چکا ہے، دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔

یوم سیاہ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ میں سیاہ باب ہے، آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر پر قبضے کے لیے فوج کشی کی۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کے سب سے زیادہ فوجی موجودگی والے علاقوں میں بدل دیا،کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی افواج کا وحشیانہ جبر برداشت کر رہے ہیں، اب تک ہزاروں بے گناہ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیریوں کی اصل قیادت پابند سلاسل ہے، میڈیا کو بڑے پیمانے پر سنسر کیا جاتا ہے، جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیری عوام کی جدوجہد کے لیے غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک کھڑا رہے گا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں اور تنازعات کو نظرانداز کرنا دیرپا امن کی ضمانت نہیں، دنیا اب اپنی ذمہ داری کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکے اور بھارت اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.