‘اگر وزیر خزانہ قرض اتارنے کے لیے نیا قرض لیتا ہے تو یہ دیوالیہ ہونے کی دلیل ہے’

0 3

اسلام آباد : ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ اگر وزیر خزانہ قرض اتارنے کے لیے نیا قرض لیتا ہے تو یہ دیوالیہ ہونے کی دلیل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد معیشت کا استحکام عارضی ہے، مہنگائی میں کمی اوراسٹاک میں بہتری کی خبر مستقل معاشی استحکام ظاہر نہیں کرتی.

قیصر بنگالی کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ 10 سال سے بینک کرپٹ ہے، وزیر خزانہ قرض اتارنے کیلئےنیا قرض لیتا تو یہ دیوالیہ ہونے کی دلیل ہے۔

ماہر معاشیات نے کہا کہ حکومت نے حکومتی اخراجات میں کمی کے کیے کمیٹی بنائی،کفایت شعاری کی کمیٹی کے اوپر نئی کمیٹی بنادی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے گریڈ ایک سے 5 کی ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم کیں جبکہ گریڈ 17 سے 22 کی آسامیاں کم کرنے کی ضرورت تھی۔

یاد رہے گذشتہ ماہ حکومتی کفایت شعاری کمیٹی سے مستعفی ہونے والے ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصرنے کہا تھا ملک دیوالیہ ہو چکا ہے، ہمیں کوئی قرض نہیں دے رہا، غیر ملکی کمپنیاں ملک چھوڑ کر جا رہی ہیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ اس وقت ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ہم ادارے بیچنا چاہتے ہیں لیکن کوئی خرید نہیں رہا، معیشت تباہ ہو رہی ہے اور اسلام آباد میں اس پر کوئی پریشان نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اخراجات میں کمی کے لیے افسران کی بجائے چھوٹے ملازمین کو نکال رہی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.