سارک ممبر ممالک مل کر تجارت کو فروغ دیں،بنگلہ دیشی ہائی کمشنر

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کی وسیع گنجائش موجود ہے

0 71

لاہور (شوریٰ نیوز) سارک ممبر ممالک مل کر تجارت کو فروغ دیں ،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارت کی وسیع گنجائش موجود ہے، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیق نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، عالمی اقتصادی عوامل ، افراط زر اور دیگر کئی وجوہات کی بناپر باہمی تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک محدود ہے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اجلاس میں موجود تھے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ بنگلہ دیش کی پاکستان سے درآمدات برآمدات کی نسبت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت بہت اہمیت کی حامل ہے تاہم آسیان اور یورپین یونین کے مقابلے میں آسیان خطے میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھاسکا۔ انہوں نے کہا کہ سارک کے ممبر ممالک کو تجارت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ بنگلہ دیش میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے ایک تجارتی وفد تشکیل دے۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں مہارت رکھتا ہے، بنگلہ دیش اس شعبہ میں پاکستان سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، بنگلہ دیش پہلے روس اور یوکرین سے کھاد درآمد کرتا تھا اور اب پاکستان سے کھاد درآمد کرنے کے لیے تیار ہے۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے فروغ کے لیے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ہندوستان کے علاوہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں اپنی معیشتوں کے حجم کے لحاظ سے سارک کے کلیدی رکن ہیں، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم علاقائی تجارت میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے اس پلیٹ فارم کو بھرپور استعمال کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.