آرمی چیف کا خطے کی سب سے بڑی فضائی مشق کا مشاہدہ، فضائیہ کی جنگی تیاریوں پر اظہار اطمینان

0 15

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کثیرالقومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا اور پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں پراطمینان کااظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کثیر القومی مشق انڈس 2024 کے مشاہدے کے لیے آمد پر چیف آف ائیر اسٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا، اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے مشقوں کے آپریشنز، ٹیکنالوجیز کے ڈسپلےکا مشاہدہ کیا، انہیں سکیورٹی چیلنجز سے ہم آہنگ رہنےکیلئے پاک فضائیہ کی کوششوں پربریفنگ بھی دی گئی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ائیر کریو سے بات بھی کی۔

سربراہ پاک فوج نے فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پی اےایف اہلکاروں کےعزم کو سراہا اوراپ گریڈیشن کے مختلف پروگرامزکے ذریعے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انٹر سروسز تعاون کے اہم کردار پر زور دیا اور کہا کہ یہ تعاون آپریشنل کامیابی کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ نے آرمی چیف کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آرمی چیف کا دورہ تربیت اور آپریشنل کے شعبے میں فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کو تقویت دیتا ہے۔

ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا مشق انڈس شیلڈ شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون بڑھانےمیں اہم کرداراداکرےگی، مشق اپنے فضائی اور زمینی عملےکو جنگی چیلنجز کا سامنا کرنےکی تربیت دےگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشق انڈس شیلڈ 2024 خطے کی سب سے بڑی کثیر القومی مشق ہے، مشق انڈس شیلڈ میں 24 فضائی افواج کی شرکت کا مشاہدہ کیاجا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.