اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے 3 کمانڈروں کو مارنے کا دعویٰ

0 5

اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے تین کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے بیروت میں حزب اللہ کے 3 کمانڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے دعوے کے مطابق شہید ہونے والوں میں گروپ کی جنوبی کمان کی ایک سینئر شخصیت الحاج عباس سلامہ، مواصلات کے ماہر ردجہ عباس آواچے اور اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تیاری کے ذمہ دار احمد علی حسین شامل ہیں۔

آمدہ اطلاعات سے یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آیا یہ تینوں کمانڈر جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر پر کیے گئے حملوں میں مارے گئے ہیں، یا الگ الگ کارروائیوں میں، تاہم حزب اللہ نے اس دعوے سے متعلق فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا ہے کہ آج اتوار کے اوائل میں 2 اسرائیلی حملوں میں بیروت کے جنوبی مضافات میں ہرات ہریک علاقے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں بہمن اسپتال کے قریب ایک رہائشی عمارت پر بمباری کی گئی تھی۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے حزب اللہ کے انٹیلی جنس کمانڈ سینٹر اور گروپ کے جنگی ساز و سامان کے متعدد گوداموں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔

دوسری طرف خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے لبنان کے 4 مضافاتی علاقوں کے شہریوں کو انخلا کا حکم دیا ہے، کہ وہ اپنے گھروں سے کم از کم 500 میٹر دور چلے جائیں، تاہم ابھی انخلا جاری ہی تھا کہ حملے شروع کر دیے گئے۔ الجزیرہ سے بات کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی اس حکمت عملی کا مقصد آبادی میں خوف و ہراس پھیلانا ہے تاکہ وہ حزب اللہ کی حمایت نہ کریں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.