لبنانیوں کیلئے اس وقت ہر طرح کا تعاون و امداد واجب ہے، آیت اللہ یعقوبی
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے لبنان پر ہونیوالی صہیونی جارحیت کے پیش نظر حقوق شرعیہ لبنان کے متاثرین پر خرچ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ لبنانیوں کیلئےاس وقت ہر طرح کا تعاون و امداد واجب ہے لبنان میں بسنے والے عوام اسرائیلی جارحیت کا شکار ہو رہے ہیں جب کہ اس وقت بین الاقوامی قوانین کی کُھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
صہیونی جارحیت کے دوران وحشیانہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں جس کے تحت براہ راست شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں بچے اور خواتین کو بھی بیدردی سے شہید کیا جا رہا ہے اس لیے مومنین اپنے حقوق شرعیہ لبنان کے متاثرین پر خرچ کریں۔مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا کہ ہم اس کٹھن مرحلہ میں صہیونیوں کی ظلم و بربریت کا شکار ہونیوالے عوام کیساتھ کھڑے ہیں اور اس مرحلہ میں مومنین سے جس حد تک ہو سکے وہ لبنان کی ہرممکن مدد یقینی بنائیں کیونکہ اہل لبنان اور لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ کو آپ کی مدد کی اشد ضرورت ہے ۔
مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہا کہ لبنان حماس کی ہمدردی کی وجہ اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن رہا ہے اس وقت سینکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد میں بھی دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے سینکڑوں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو کر بے سروسامانی کی کیفیت میں مبتلا ہیں اس تمام تر صورتحال میں اقوام عالم بالخصوص مسلم ممالک صہیونی جارحیت کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں۔