نواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 3اکتوبر سےمتحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا

0 7

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے زیر اہتمام ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز 3اکتوبر سےمتحدہ عرب امارات میں ہوگا۔میگا ایونٹ میں 10 خواتین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔

آسٹریلوی ویمن ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشش کرے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیموں کے مابین میچ 6اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ ہوگا۔ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024کے افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے ۔پہلا میچ بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے مابین اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں 20 میچز کے بعد پہلا سیمی فائنل میچ 17 اکتوبرکو دوسرا سیمی فائنل میچ 18 اکتوبر کو جبکہ فائنل میچ 20 اکتوبر کو شیڈول ہے ۔ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ 28 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں ہر ٹیم دو ، دو وارم اپ میچز کھیلے گی۔ میگا ایونٹ میں شامل10ٹیموں میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، سری لنکا ، بنگلہ دیش ،پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ ، پاکستان،بھارت اور سری لنکا کے ہمراہ گروپ اے میں شامل ہوگی جبکہ انگلینڈ،جنوبی افریقا،بنگلہ دیش،ویسٹ انڈیزاور سکاٹ لینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں۔

ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ ایک ایک میچ کھیلے گی جبکہ دونوں گروپ کی پہلی2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ تمام ناک آئوٹ مقابلے سیمی فائنلز اور فائنل شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی نے ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ آفیشلز کا پہلے ہی اعلان کررکھا ہے۔ ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 13 میچ آفیشلز میں تمام خواتین شامل ہیں۔تاریخ میں دوسری مرتبہ تمام خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے ہے، جن میں میچ ریفری، جی ایس لکشمی (بھارت)، شینڈرے فرٹز (جنوبی افریقہ)اور مشیل پریرا کا تعلق سری لنکا سے ہے۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی 10خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا ،زمبابوے اور بھارت سے ہےجن میں آن فیلڈ اور ٹی وی امپائرز میں بھارت سے ورندا راٹھی اور این جانانی ، انگلینڈ سے سو ریڈفرن ، آسٹریلیا سے ایلوس شیریڈن اور کلیئر پولوساک ، ویسٹ انڈیز سے جیکولین ولیمز ،نیوزی لینڈ سے کم کاٹن ، جنوبی افریقا سے لارین ایجن بیگ ، انگلینڈ سےاینا ہیرس ، سری لنکا سے نیمالی پریرا شامل ہیں۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 17 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا، دوسرا سیمی فائنل میچ 18 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل میچ 20 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.