ہم سب کی ڈائریکشن اور قبلہ امام حسین ؑہیں، شیخ ناصری
وکیل آيت الله العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی (حفظہ اللہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نےوفاقی دارالحکومت میں چہلم سید الشہداء علیہ السلام میں شرکت کے دوران شوریٰ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مومنین کو آپس میں اتحاد و اتفاق سے رہنا چاہیے کیونکہ ہماری ڈائریکشن ایک اور ہم سب کا قبلہ امام حسین علیہ السلام ہیں جس کی وجہ سے چہلم سید الشہداء علیہ السلام کے دوران ایک خوبصورت منظر نکھر کے سامنے آتا ہے جس میں امریکہ، یورپ،کینیڈا، عرب ممالک اور پاکستان سمیت پوری دنیا کے شیعہ شریک ہوتے ہیں تو واضح طور پر آپس میں شفقت، ہمدردی، پیار اور محبت دکھائی دینے لگتی ہے۔
علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ ایام چہلم سید الشہداء کے دوران جو اتحاد کا منظر نظر آتا ہے وہ ہمارے درمیان پورا سال نظر آنا چاہیے کیونکہ ہمارا دوست بھی ایک اور دشمن بھی ایک ہے اس لیے ہمیں آپس میں اتحاد اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔علامہ شيخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ چہلم سید الشہدا علیہ السلام ایک معجزہ ہے جس سے امام حسین علیہ السلام تمام مومنین کو ایک بنا دیتے ہیں۔
اسی لیے انشاء اللہ تعالی جب امام العصر امام مہدی علیہ السلام کا ظہور ہوگا تو تمام شیعہ ایک ہوں گے۔ اس حوالے تمام شیعہ اپنے آپ کو حقیقی طور پر آمادہ کریں کہ ہر شیعہ ایک دوسرے کا بھائی ہے اس لیے براہ مہربانی چھوٹے موٹے اختلافات کو ختم کریں اس حوالے سے بالخصوص علمائے کرام کو اتحاد و اتفاق کی فضا قائم کرنی چاہیے۔