وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہریوں کے لیے 14 اگست کے بعد ویزا مفت کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں 12 رکنی چینی وفد نے ملاقات کی جس میں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے، چینی وفد وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کے لیے آیا ہوا ہے، 12 رکنی چینی وفد میں 10 مختلف وزارتوں کے نمائندے شریک ہیں۔
وزیراعظم نے چینی قیادت صدر شی جن پنگ اور پریمیئرلی چیانگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد کا خیر مقدم کیا۔
چین کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کےلیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، بشام واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی وفد کے دورے سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، یقین ہے چینی وفد کا دورہ پاکستان مفید ثابت ہوگا۔
دوسری جانب سربراہ چینی وفد وانگ فوکانگ نے کہا کہ تکنیکی تعاون سے پاک چین اسٹریٹیجک تعلق مزید مضبوط ہوگا، مثالی مہمان نوازی پر پاکستان کے مشکور ہیں۔