محکمہ موسمیات نے آج سے 6 اگست کے دوران ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد، پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا، کشمیر میں بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی ،لاہور ، گوجرانوالہ ،گجرات، جہلم ، شکر گڑھ اور بھمبر آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں جمعہ اور گلگت بلتستان میں ہفتے کی رات سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے،گزشتہ روز لسبیلہ ، واشک، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں سیلابی ریلوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔
مزید برآں مانسہرہ میں مہانڈری کے مقام پر پل بہہ جانےسے شاہرہ کاغان بند ہے جب کہ سیاحوں کے وادی کاغان آنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
کراچی میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں جس کے سبب آج وقفے وقفے سے کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھاربارش کا امکان ہے،کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے سبب نشیبی علاقے زیر آب آگئے،کراچی کے علاقے ڈالمیا، راشد منہاس روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
لیاری، کھڈامارکیٹ، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، پی ای سی ایچ ایس، ائیرپورٹ، ملیر ہالٹ، ملیر کینٹ اور اطراف میں بھی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ کراچی میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں جس کے سبب آج وقفے وقفے سے کہیں معتدل اور کہیں موسلا دھاربارش کا امکان ہے۔