ایچ ای سی سکواش ٹیم کی 34 ویں نیشنل گیمز میں تیسری پوزیشن

یو ای ٹی پشاور کے طالبعلم خوشحال ریاض خان نےٹیم کی کپتانی کی

0 137

کوئٹہ (شوریٰ نیوز)ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی سکواش ٹیم نے 34 ویں نیشنل گیمز میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ کوئٹہ میں اختتام پذیر ہونے والے 34 ویں نیشنل گیمز میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) کی ٹیم نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے طالبعلم سکواش کے انٹرنیشنل پلیئرخوشحال ریاض خان کی کپتانی میں حصہ لیا، ٹیم میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے عزیر رشید، مطاہر علی اور جواد خان شامل تھے جبکہ ذوالفقار علی ٹیم کے کوچ اور شہرام چنگیزی نے ٹیم کےمنیجر کے فرائض سرانجام دئیے۔ایچ ای سی کی سکواش ٹیم پہلے، دوسرے اور تیسرے راؤنڈز میں ناقابل شکست رہی جس میں ایچ ای سی نے بالترتیب خیبرپختونخوا اور پنجاب جیسی مضبوط سکواش ٹیموں کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر کی سکواش ٹیم کو بھی تین صفر، تین صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سیمی فائنل میں ایچ ای سی کا مقابلہ دفاعی چیمپئین اور 34 ویں نیشنل گیمز کی فاتح ٹیم واپڈا سے تھا جس میں سابق ایشیئن چیمپئن دانش اطلس، فرحان محبوب اور ناصر اقبال جیسے عالمی شہرت یافتہ پروفیشنل کھلاڑی شامل تھے، سیمی فائنل میں ایچ ای سی ٹیم کے کپتان خوشحال ریاض خان اور مطاہر علی نے ناصر اقبال اور فرحان محبوب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور یوں ایچ ای سی کی سکواش ٹیم نے 34 نیشنل گیمز کے سکواش ایونٹ میں وکٹری سٹینڈ پر تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برونز میڈل جیتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.