بھارت کے شہر بنگلورو میں دوست کی اہلیہ کے کینسر کے علاج کے لیے موٹرسائیکلیں چوری کرنے والا شخص پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو پولیس نے بدھ کے روز ایک 30 سالہ شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا جس نے مبینہ طور پر چھاتی کے کینسر کے علاج سے گزرنے والی اپنے دوست کی بیوی کی مدد کے لیے موٹرسائیکلیں چوری کیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم اشوک اپنی بیوی سے علیحدگی کے بعد اپنے دوست کے گھر رہ رہا تھا، بنگلورو میں گری نگر پولیس نے اس کے ساتھی 34 سالہ ستیش عرف ستھیا کو بھی گرفتار کیا اور 10.71 لاکھ روپے مالیت کی 8 موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔
پولیس کے مطابق جب اشوک کو معلوم ہوا کہ اس کے دوست کی بیوی کینسر میں مبتلا ہے اور علاج کی استطاعت نہیں رکھتی تو اس نے شروع میں بہت سے لوگوں سے پیسے ادھار لینے کی کوشش کی لیکن علاج کے لیے پیسوں کا انتظام نہیں ہو سکا۔
آخر کار، اس نے ستیش کے ساتھ مل کر گھر کے باہر کھڑی بائیکیں چوری کرنا شروع کر دیں۔
بعدازاں ایک سافٹ ویئر انجینئر نے گری نگر پولس اسٹیشن میں بائیک چوری کی شکایت درج کرائی۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد اشوک کے ملوث ہونے کا پتہ چلا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان بائیک کے تالے توڑ کر دیہی علاقوں میں ان کی اصل قیمت سے کم قیمت پر فروخت کرتے تھے۔