ٹیکسٹائل مشینری درآمدات، 10 ماہ میں 55 فیصد کمی
جولائی سے اپریل تک درآمدات پر 302 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا
اسلام آباد (شوریٰ نیوز)ٹیکسٹائل مشینری درآمدات، 10 ماہ میں 55 فیصد کمی،جولائی سے اپریل تک درآمدات پر 302 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا ،ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 302 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 55 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 677 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ اپریل میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات کا حجم 16 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 71 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات پر 55 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ مارچ کے مقابلے میں اپریل میں ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مارچ میں 19 ملین ڈالر مالیت کی ٹیکسٹائل مشینری کی درآمد ریکارڈ کی گئی ہے جو اپریل میں کم ہو کر 16 ملین ڈالر ہوگئی۔