سیدہ زینبؑ کا کردارخواتین کیلئے نمونہ عمل ہے، آیت اللہ یعقوبی
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ خواتین کیلئے سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کا کردار نمونہ عمل ہے اور یہ دورِ حاضر کا تقاضہ بھی ہے کہ مرد اسوہِٗ شبیری اور خواتین کردار سیدہ زینبؑ اپنائیں کیونکہ سیدہ زینبؑ اسلامی تاریخ کی ایک بڑی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے کردار کے ذریعے انسانیت کے لیے ایک نمایاں مثال قائم کی۔
وہ نہ صرف امام حسین علیہ السلام کی بہادر بہن تھیں بلکہ انہوں نے واقعہ کربلا میں معصومیت اور حکمت کی روشنی میں ایک بڑا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کربلا کے بعد بھی امامتؑ کا دفاع کیا۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ تمام خواتین خود کو اور اپنی بیٹیوں کو حجاب کا پابند کریں اور امام العصرؑ کی نصرت کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں کیونکہ خواتین کو حجاب کا پابند اسلام نے بنایا ہے اور بے حجاب خواتین کسی طور بھی نصرت امامؑ وقت کی اہل نہیں ہوسکتیں۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ سیدہ زینبؑ کا اسوہ حسنہ صرف خواتین کیلئے نہیں بلکہ مردوں کیلئے بھی قابل عمل ہے کیونکہ سیدہ زینبؑ نے پوری انسانیت کے حق کیلئے آواز بلند کی اور بلا خوف و خطر ظالم کے سامنے کلمہ حق بلند کیا اور ظالم کے سامنے حق بیان کرنا بھی عظیم عبادات میں شامل ہے ۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ عصر عاشور سے لے کر شام تک ہمیں سیدہ زینبؑ سے حکمت، تدبر اور توکل سیکھنے کو ملتی ہے سیدہ زینب نے ان تمام تر مشکل ترین حالات پر گہری نظر رکھی اور امامت کو بچایا کربلا سے شام تک تاریخ میں متعدد ایسے واقعات ملتے ہیں جہاں سیدہ زینبؑ نے امام سجادؑ کو بچایا امام سجادؑ کو بچانا محض امام سجادؑ کو بچانا نہیں بلکہ پوری امامت کو بچانے کے مترادف ہے کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ امامت کو بچانا اُن مشکل ترین حالات میں سب سے اہم کام تھا۔
آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ)نے کہا ہے کہ سیدہ زینبؑ نے انصاف کی دعوت دی اور ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی رہتی دنیا تک مثال قائم کی۔ انہوں نے حق کو غالب کیا اور جاہلیت اور ظالمانہ عناصر کے خلاف اُٹھ کھڑی ہوئیں۔