مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیتے ہوئے اسکیم کے اجرا کےلیےکارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹرسولرپینل فنانسنگ اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولرپینل فنانسنگ اسکیم کا ٹیسٹ رن شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف مقامات پرنصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیاجائےگا، سولرپی وی ایپ کے ذریعےسولرسسٹم کی مانیٹرنگ جاری ہے، ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14اگست سے اسکیم لانچ کردی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کراسکیم کے لیے اہلیت چیک کی جائےگی، قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیاجائےگا، ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کےکوائف کی تصدیق کریں گے جب کہ اسکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لیے سولرپینل اور سسٹم پربارکوڈ اورکیو آرکوڈ موجود ہوگا۔
سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلےفیز میں 1لاکھ سےزائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولرپینل دیے جائیں گے، بجلی چوری، ایک سےزائد میٹر، خراب یا ٹمپرڈ میٹر اوربل ادائیگی نہ کرنے والےصارفین سولر اسکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں چاہتی ہوں پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے، سولرپینل فنانسنگ اسکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے،آٹا اور بجلی کے نرخ لوگوں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دینےکے لیےجوکچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔