ملکی سالمیت کیلئے خطرہ بننے  والی جماعت کا وجود ہی ناقابل برداشت ہے،عظمیٰ بخاری

0 20

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو جماعت ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے خطرہ ہو اس کا وجود ہی ناقابل برداشت ہے۔

مریم نواز کا مشن خوشحال پنجاب، روشن پنجاب اور ترقی کرتا پنجاب ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی، خیالی پلاؤ اور فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا متبادل کوئی نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کی فکر کرنے کے بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے، کے پی کے عوام کو 11 سال سے سونامی، تبدیلی، نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دیے جا رہے ہیں، تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور روزگار تحریک انصاف کی کبھی ترجیح نہیں رہی۔

پاکستان میں 9 مئی کے فسادیوں اور دہشت گردوں کے لیے سیاست کرنے کی کوئی جگہ نہیں، جو جماعت ملکی سالمیت اور خود مختاری کیلئے خطرہ بن چکی اس کا وجود ہی ناقابل برداشت ہے، شہدا کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا اور بنیادی فریضہ اپنے شہدا اور غازیوں کی عزت اور تکریم کرنا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کیلئے سازش کی ان کو نشان عبرت بنانا چاہیے، پاکستان پر جب بھی برا وقت آیا مسلم لیگ ن فرنٹ لائن پر اپنا رول ادا کرنے پہنچی۔

آج بھی تمام تر مشکلات کے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جو شخص 9 مئی کے فسادیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا وہ ان کا سہولت کار تصور کیا جائے گا، اب کسی قسم کی غیر آئینی سہولت کاری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.