صیہونی حکومت کا غزہ میں اسکول پر حملہ، 16 فلسطینی شہید

0 164

صیہونی حکومت نے غزہ میں اسکول پر حملہ کرکے 16 فلسطینی شہید کردیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صیہونی حکومت نے ہفتے کے روز وسطی غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کو پناہ دینے والے فلاحی ادارے کے اسکول پر حملہ کیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نصیرات کیمپ میں قائم اسکول پر حملے کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے غزہ سول ایمرجنسی سروس کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں بعض کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جس کے باعث شہادتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں حملہ حماس کے جنگجوؤں کی موجوگی کی اطلاع پر کیا گیا جو اس جگہ کو صیہونی فوجیوں کے خلاف منصوبہ بندی اور حملوں کے لیے ایک خفیہ ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے جبکہ حماس کی جانب سے صیہونی حکومت کے بیان کی تردید کی گئی ہے۔

واضح رہے 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے صیہونی حملوں میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.