ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کیلئےعزمِ استحکام بہت ضروری ہے،کورکمانڈرز کانفرنس

0 67

پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں آپریشن عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیرصدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے امن و استحکام کیلئے شہدا، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

فورم نے پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ عقیدت کیا، فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشن’عزمِ استحکام’ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

فورم نے انسدادِ دہشتگردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دیا،ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے عزمِ استحکام بہت ضروری ہے، دہشتگردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے عزم استحکام وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید کی جارہی ہے، مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔

کور کمانڈر کانفرنس میں فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور کیا اور علاقائی امن وسلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔

کانفرنس کے شرکا نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور فورم نے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں،جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی، عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے اظہار خیال کیا کہ عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدارحل کیلئے کوشاں ہیں۔

کانفرنس میں سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دی گئی۔

کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشتگردی جاری ہے، ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے ناصرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، معاشی ترقی واستحکام کیلئے حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے،آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.