حکومت یوم غدیر کو اسلامی تہوار کے طور پر منائے اور چھٹی کا اعلان کرے، شیخ ناصری

0 639

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوریٰ علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے تمام عالم اسلام کو یوم غدیر کےموقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین اسلام کی سب سے بڑی عید کا نام عید غدیر ہے جس میں ولایت امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کا اعلان سوا لاکھ کے قریب اصحاب کے سامنے کیا گیا اور حدیث غدیر ایسی حدیث ہے جسے براہِ راست رسول خداﷺ سننے والوں کی تعداد لاکھ سے زیادہ تھی اس سے قبل ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی حدیث کے گواہ اتنی بڑی تعداد میں ہوں۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ 18ذوالحجہ کو مسلمانوں کیلئےامیرالمومنین علیہ السلام کو آقا و مولاقرار دیا گیا اور واضح طور پر رسول اکرمﷺ نے کہہ دیا کہ جس جس کا میں مولاؑ اُس اُس کا علیؑ مولا یعنی ولایت علیؑ کو لامحدود کر دیا اوراگر حدمقرر بھی کی تو اپنی ذات کی حد کیساتھ مقرر کی جب کہ آپ ؐ کی اپنی ولایت کی حدود کا تعین کرنا کسی بھی انسان کے بس کی بات نہیں ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ یوم غدیررسول خدا ﷺ نے جب امیر المؤمنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کو اپنا جانشین مقرر کردیا تو سب کو حکم دیا کہ ایک ایک کر کے سب حضرت علی بن ابی طالب علیہ السلام کی بیعت بطورامیر المومنین کریں اور اس نئے عہدہ و منصب کی انہیں مبارک باد دیںا اور تمام اصحاب رسول اکرم ﷺ نے ایسا ہی کیا اور مبارکباد پیش کی ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ رسول خدا ﷺ نے چاہا کہ اس دن کو تمام مسلمان عید کے طور پر منائیں اور جس دن کیلئے اتنا بڑا اہتمام کیا گیا اس دن کیلئے حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہیں اُٹھائے جاتے اس لیے میری حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ یوم غدیر کو اسلامی تہوار کے طور پر مناتے ہوئے چھٹی کا اعلان کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.