اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس؛ ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط اجازت، وزارتوں کو فنڈز کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے تاہم چینی کی خوردہ قیمت میں اضافے کی صورت میں برآمد کی اجازت منسوخ کر دی جائے گی، اس کے علاوہ وزارت داخلہ سمیت دیگر وزارتوں کے لیے مختلف مد میں فنڈز کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن فاضل چینی کی برآمد کرنے کی اجازت دی اور کہا ہے کہ چینی کی خوردہ قیمت میں اضافے کی صورت میں برآمد کی اجازت منسوخ کر دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ برآمدی آمدنی ملوں کے ذریعے کسانوں کی واجب الادا ادائیگیوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔