نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی لیبارٹری کے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نیشنل فارنزک لیبارٹری کے غیر فعال ہونے کے باعث نارکوٹکس کے 877 کیسز لٹک گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، انچارج این ایف ایس اے، پراسیکیوٹر جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور چیف کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور کہا کہ یہ معاملہ حکومت کی خاص توجہ کا مستحق ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے منشیات سے متعلق کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا جس کے مطابق پٹیشنر کے خلاف 4744گرام چرس برآمدگی کا مقدمہ 25 نومبر 2023 کو درج ہوا، مال مقدمہ سے متعلق آج تک نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ نہ آسکی۔
تفتیشی افسر کے مطابق این ایس ایف اے کو متعدد بار یادہانیاں کرائی گئیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی لیبارٹری جون 2023 سے غیر فعال ہے، فارنزک ایجنسی کو متعلقہ وزارت کی جانب سے یکم جولائی 2023 سے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے۔