میکسیکو میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے غزہ میں جنگ بندی نہ کرنے پر صیہونی سفارتخانے کے سامنے شدید مظاہرہ کیا اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی میں سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے صیہونی سفارتخانے کے سامنے URGENT ACTION FOR GAZAکے نام سے ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ صیہونی فورسز نے اتوار کے روز رفح میں اقوام متحدہ کی جانب سے سیف زون قرار دیے گئے مہاجرین کے کیمپ پر شدید بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 45 فلسطینی جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا اور پتھراؤ بھی کیا گیا جبکہ مظاہرین کی جانب سے سفارتخانے کے باہر لگے حفاظتی بیرئیر ہٹانے کی کوشش کی گئی اور صیہونی سفارتی حدود میں بوتل بم پھینکے گئے جس سے آگ بھڑک اٹھی تاہم صیہونی سفارتخانے کی عمارت حملے میں مکمل طور پر محفوظ رہی۔
صیہونی میڈیا کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار اور مظاہرین زخمی بھی ہوئے جبکہ بس اسٹیشنوں، پولیس کی وین اور کاروبار کو بھی نقصان پہنچا۔
مظاہرین کی جانب سے صیہونی حکومت کو نازیوں سے بھی تشبیہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر رفح میں جنگ بندی کی جائے اور فلسطینیوں کا قتل عام روکا جائے۔