شوریٰ علمائےجعفریہ مذہبی پلیٹ فارم مرجعیت کے زیر نگرانی کام کر رہا ہے، شیخ ہادی حسین ناصری

0 253

نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) وسربراہ شوری علماء جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہےکہ شوریٰ علمائے جعفریہ ایک دینی اور مذہبی پلیٹ فارم جو مرجعیت کے زیر نگرانی کام کر رہا ہے ،ہم ہر طرح کے سیاسی مقاصد سے بالا تر ہو کر کام کر رہے ہیں تاکہ علمائے جعفریہ کے ذریعے ملت تک اُس کےثمرات موصول ہو سکیں ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان پورے ملک میں مضبوط بنیادوں پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے ہمارے ساتھ مربوط علماء محض دینِ اسلام اور تعلیمات محمدؐ و آلِ محمد کی ترویج کیلئے کام کر رہے ہیں ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ علما اور عوام کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کیلئے ہم نے عملی اقدامات اُٹھائے اور اس میں ہم نے بھرپور کامیابی بھی حاصل کی جس کے اثرات آنیوالے وقت میں مزید واضح ہوتے جائیں گے ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آئمہ جمعہ والجماعت کی ذمہ داریاں اور مشکلات سب سے زیادہ ہیں کیونکہ انہوں نے ہر روز اپنا سلسلہ تبلیغ جاری رکھنا ہوتا ہے اور وہ ہر وقت مومنین کی تربیت کیلئے کوشاں رہتے ہیں اس لیے اُن پر ذمہ داریاں بھی بہت زیادہ عائد ہوتی ہیں ۔اس لیے اُن کو قرب الہیٰ کا ہر وقت متلاشی رہنا چاہیے تاکہ خدا کی مشیت کے تابع رہ کر تبلیغات کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے علماء کو مثبت رول ادا کرنا چاہیے کیونکہ موجودہ دور میں اخوت و بھائی چارے کی فضا کا قیام وطن عزیز کیلئے ازضروری ہے ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ کسی بھی ملک و قوم اور معاشرے کی ترقی کیلئے امن و امان کا قیام از حد ضروری ہوتا ہے اور جو بھی قومیں ترقی کرنا چاہتی ہیں وہ سب سے پہلے اپنے ہاں امن قائم کرتی ہیں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیتی ہیں جس میں رواداری، برداشت، مساوات، انصاف، انسانی حقوق کا تحفظ اور ایک دوسرے کے احترام جیسی اقدار ہوتی ہیں تاکہ انتشار کا مکمل خاتمہ ہوسکے اور ان سب معاملات میں علماء کا کردار جسم میں ریڑھ کی ہڈی کے مترادف ہے ۔

علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان کے بنیادی مقاصد میں آپس میں فاصلہ کو کم کر کے علماء کے ذریعے ملک بھر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.