اولیاء کیلئے رمضان المبارک ہی عید ہے ،آیت اللہ یعقوبی

0 387

نجف اشرف(فارن ڈیسک)مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہاہے کہ اولیاء کیلئے خود رمضان المبارک ہی عید ہے کیونکہ امیرالمومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام نے فرمایا کہ ’’انّما ھو عید لمن قبل اللّٰہ صیامہ و شکر قیامہ و کل یوم لا یعصی اللّٰہ فیہ فھو عید‘‘آج حقیقی عید ہے، اس شخص کے لیے جس کے روزے، نماز اور عبادت کو اللہ نے ماہ مبارک رمضان میں قبول کر لیا ہو۔

اور ہر وہ دن جس میں خدا کی معصیت نہ کی جائے، انسان کے لیے وہ عید کا دن ہے۔ مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے جن لوگوں پر خاص انعام اور فضل کیا انہوں نے تمام وقت عبادات الہیہ میں گزارا وہ سب قابل دیدوقابل صد تحسین ہیں۔

رمضان کا مبارک ماہ اللہ پاک کی طرف سے احسان عظیم ہے جس میں رحمتوں کا نزول ہوتا رہتا ہے اس مبارک ماہ کے اختتام پر اور شوال ماہ کے آغاز پر اللہ پاک نے عید الفطر کے عنوان سے ایک عظیم دن مقرر کیا ہے۔

مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ) نے کہاہے کہ امام سجاد کی تعلیم کردہ یہ دعا اہل ایمان کی کیفیت اور احساسات کی ترجمانی کررہی ہے ”اے اللہ ہم تیری بارگاہ میں آج کے یوم الفطر میں جیسے تو نے صاحبان ایمان کے لئے روز عید و مسرت قرار دیا ہے اور اپنے اہل ملت کے جمع ہونے کا سامان فراہم کیا ہے ہر اس گناہ سے توبہ کر رہے ہیں جس کا ارتکاب کیا ہے یا جو برائی ہم سے سرزد ہوئی ہے یا جو برا خیال ہمارے دلوں میں پایا جاتا ہے اور یہ توبہ ویسی ہے جس میں دوبارہ گناہ کی طرف پلٹ کر جانے کا کوئی خیال نہیں ہے اور نہ بار دیگر خطاکرنے کا کوئی ارادہ ہے یہ ہماری توبہ ہر طرح شک و ریب سے پاک ہے لہذا اسے قبول کر لے اور ہم سے راضی ہو جا اور پھر ہمیں اسی توبہ پر ثابت قدمی بھی عنایت فرما۔“

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.