آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں نمازِ عید پڑھائی
مرجعیت اتحاد بین المسلمین نہ کی صرف داعی بلکہ وحدت کیلئے ہر قدم پر عالم اسلام کے ساتھ کھڑی ہے
نجف اشرف(شوریٰ نیوز) مرجع عالی قدرآیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی نے آج اپنے مرکزی دفتر نجف اشرف جوارِ امام علی علیہ السلام میں نماز عید پڑھائی جس میں بڑی تعداد میں مومنین شریک ہوئے۔ آیت اللہ العظمیٰ شیخ محمد الیعقوبی لوگوں سے عید ملے۔ انہوں نے عالم اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مرجعیت اتحاد بین المسلمین کی نہ صرف داعی بلکہ وحدت کیلئے ہر قدم پر عالم اسلام کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام خطرناک موڑ سے گزر رہا ہے اس وقت تمام مسلمان اتحاد و یگانگت کو اپنا مقصد حیات بناتے ہوئے ایک دوسرے کے بازو بنیں۔ انہوں نے عید کی اہمیت اور مقصد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری ہی حقیقی معانی میں عید کو سعید بناتی ہے انہوں نے کہا کہ محض اچھے کپڑے پہن کر دوست احباب سے مل لینے سے عید مکمل نہیں ہوتی بلکہ انسانیت کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے یتیموں ،مسکینوں اور مستحقین کی مدد کرنا بھی ہم سب پر فرض ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ لوگوں کو عید پر خوشی منانے کا حق ہے ، لیکن بدقسمتی سے ان کی خوشی دنیاوی وجوہات اور اسباب کی بناء پر ہے جیسے کھانا ، پینا، نکاح کرنا اور ان رکاوٹوں کا دور ہوجانا جو ماہ مبارک رمضان میں ان پر عائد تھیں لیکن ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ لوگ ماہ مبارک رمضان کے اختتام پذیر ہونے پر غمگین ہوجاتے لیکن لوگ خوش ہوجاتے ہیں چونکہ کھانے پینے کی آزادی مل گئی ہے اور اس بات سے غافل ہیں کہ یہ کھانے پینے کی برکتیں اور رحمتیں رمضان المبارک کی وجہ سے ان پر نازل ہوئی ہیں۔لہذا ، امام سجاد علیہ السلام اپنی دعا میں فرماتے ہیں، پس ہم – رمضان المبارک- کو ایسے الوداع کرتے ہیں جیسے ہم کسی اپنے عزیز کو الوداع کرتے ہیں کہ جس کی جدائی ہم پر دشوار اور ناراحت کنندہ ہے اور جس کی دوری ہمیں ڈرا دیتی ہے۔” امام علیہ السلام مذید فرماتے ہیں:سلام ہو تم پر ائے دوست کہ جس کی قدر و منزلت بہت بڑی ہے اور جس کی جدائی دردناک ہے اور امید کا سبب کہ جس کا فراق رنج آور ہے۔