غزہ میں صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام جاری
غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس میں ایک رہائشی عمارت پر صیہونی جارحیت میں انیس فلسطینی شہید ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق خان یونس میں رہائشی عمارت پر غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے وحشیانہ حملے میں دسیوں فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں حفظان صحت کی نہایت ابتر صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں صرف دس اسپتالوں کی نہایت معمولی سرگرمیوں کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں بیمار طبی خدمات سے محروم ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے اعلان کے مطابق غزہ میں تقریبا نو ہزار بیماروں کو علاج و معالحے کے لئے غزہ سے باہر منتقل کئے جانے کی ضرورت ہے اور اب تک تین ہزار چار سو سے زائد بیماروں کو منتقل کیا جا چکا ہے جن میں دو سو اٹھارہ زخمی بھی شامل ہیں۔
غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وحشیانہ صیہونی جارحیت کے نتیجے میں یہاں کے شہریوں کو قحط و بھوک مری کا بھی سامنا ہے۔
غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی جارحیت کے آغاز سے اب تک بتیس ہزار سات سو پانچ فلسطینی شہید اور پچہتر ہزار ایک سو نوے دیگر زخمی ہو چکے ہیں جن میں بیشتر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔