اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران پنجاب اسمبلی نے 6 کھرب 17 ارب 25 کروڑ 19 لاکھ 43 ہزار روپے کا ضمنی بجٹ منظور کر لیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر کی زیر صدارت اجلاس ایوان نے 617 ارب روپے سے زائد کا ضمنی بجٹ منظور کرلیا، اپوزیشن کی کٹوتی کی تمام تحریکیں مسترد کردی گئیں جبکہ بجٹ کی منظوری کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ بھی عروج پر رہا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ 208 ارب روپے کے جس بجٹ پر اپوزیشن واویلا کر رہی ہے یہ بجٹ گندم کی مد میں استعمال کیا گیا۔
اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ تمام ضمنی بجٹ کا آڈٹ ہونا چاہیے، اپوزیشن ارکان ریلیز، قیدی 804 کے پوسٹر ایوان میں لے آئے اور مائیک اور نشستوں پر چسپاں کردیے۔
حکومتی رکن شوکت بھٹی نے اپوزیشن پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا اٹک جیل میں بانی پی ٹی آئی کا قیدی نمبر 804 تھا اڈیالہ جیل میں 420 ہے جس پر اپوزیشن ارکان سیٹوں پر کھڑے ہو گئے اور دونوں جانب سے نعرے بازی شروع ہوگئی۔
ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا لیکن اپوزیشن کے ریکوزیشن جمع کرانے پر اسپیکر نے اجلاس پیر کے روز دوبارہ طلب کر لیا۔