متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے لاہور میں ن لیگی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت سے بھی ملاقات کی۔
ایم کیو ایم اور ق لیگی رہنماؤں کی ملاقات کے دوران مرکز میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایم کیو ایم وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے۔
چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ ق کے صوبائی جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین، سینیئر نائب صدر چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اس سے قبل حکومت سازی میں مشاورت کیلئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات ہوئی،ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہے اور ووٹ کو عزت دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں، ایم کیو ایم وفد نے شہباز شریف کی ملک وقوم کیلئے خدمات کو بھی سراہا۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں۔
شہباز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد کی بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک کو لاحق معاشی خطرات کے مقابلے کیلئے اتحاد اور سیاسی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ن لیگ کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ق لیگ کے چوہدری سالک حسین اور آئی پی پی کے عبدالعلیم خان نے بھی ملاقاتاتیں کی۔