مولانا فضل الرحمان کا انتخابی نتائج مستردکرتے ہوئے اپوزیشن میں بیٹھنےکا اعلان

0 42

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری مجلس عاملہ نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیاہے۔

انتخابی دھاندلی نے 2018 کی انتخابی دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے، الیکشن کمیشن کے شفاف انتخابات کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ نے اپنی اہمیت کھودی ہے، لگتا ہے اب فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، پارلیمنٹ میں شرکت احتجاج کے ساتھ ہوگی، جے یو آئی پارلیمانی کردار ادا کرےگی لیکن اسمبلیوں میں شرکت تحفظات کے ساتھ ہوگی۔

25 فروری کو بلوچستان میں صوبائی جنرل کونسل سے میٹنگ کریں گے،27 فروری کو خیبر پختونخوا میں صوبائی جنرل کونسل سے میٹنگ کریں گے، 3 مارچ کراچی اور 5 مارچ کو لاہور میں بھی میٹنگ کریں گے۔

ہماری مرکزی مجلس عاملہ نے مجلس عمومی سے فیصلےکرنےکی سفارش کی ہے،مجلس عمومی فیصلہ کرےگی کہ پارلیمنٹ میں بیٹھیں یا نہ بیٹھیں،جے یوآئی کو دھاندلی کے ذریعے شکست سے دوچار کیا گیا ہے۔

ہمارا جرم یہ ہےکہ امریکا اور مغربی دنیا کے لیے جے یو آئی قابل قبول نہیں، ہم پیپلزپارٹی یا ن لیگ کسی کے تابع دار نہیں، کسی پارٹی کے اتحادی نہیں، پارلیمنٹ میں تحفظات کے ساتھ جائیں گے، ہم پر جو گزری ہے، ہم علاقوں میں نہیں جاسکتے تھے، ہماری کوئی بات نہیں سنی گئی، ہم بھی نہیں سنیں گے۔

ہم یک دم میدان میں نہیں آئے ، ہم نے تیاری کی ہے، اسمبلیوں اور انتخابی نتائج سے متعلق ہمارا مؤقف واضح طور پر آگیا ہے، مسلم لیگ ن کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں، ہم اپوزیشن میں بیٹھتے ہیں، الیکشن کمیشن کا کردار مشکوک رہا ہے، الیکشن کمیشن ہمارے امیدواروں کو نوٹس دیے بغیر درخواستیں خارج کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.