مچھ جیل پر بی ایل اے کا حملہ ناکام، 5 دہشتگرد ہلاک، پولیس اہلکار سمیت دو جاں بحق

0 107

بلوچستان کے علاقے مچھ میں جیل سمیت تین مقامات پر کالعدم تنظیم بی ایل اے نے حملہ کردیا، جوابی میں کارروائی میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

نجی نیوز چینل کے مطابق بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے 15 راکٹ فائر کیے جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بولان کے کم از کم تین مقامات پر حملہ کیا گیا جس میں مچھ جیل، ریلوے اسٹیشن اور لیویز تھانہ شامل ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا تھا کہ دھماکوں اور فائرنگ سے شہری خوف کا شکار ہوگئے جبکہ علاقے کی بجلی بھی اچانک بند ہوگئی تھی،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ مچھ جیل پر کیا گیا جس کا مقصد جیل سے ساتھیوں کو چھڑانا تھا ۔

فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھی جس کے بعد اہل کاروں نے دہشت گردوں کے لیے گھات لگا رکھی تھی، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہوگئے ۔

پانچ دہشت گرد مارے گئے جس کی بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے۔ تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ تیرہ افراد زخمی ہوگئے۔

دہشت گردوں نے ایک حملہ ریلوے اسٹیشن پر بھی کیا جہاں راکٹ حملے میں ریلوے پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستانی آرمی اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے مچھ میں ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لئے فوری اقدام کو سراہتے ہیں۔

ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے کہا ہے کہ مچھ اور کولپور فائرنگ میں اب تک 13 زخمیوں کو ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.