مصطفیٰ کمال کا بیان شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہے،میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہےکہ ایم کیو ایم میں پذیرائی نہ ملنے پر مصطفی کمال سیخ پا ہیں، شہر میں لاقانونیت اور امن تباہ کرنے کے حوالے سے آپ کا ماضی داغدار ہے ۔
کراچی کے لوگوں کو سب یاد ہے کہ کون یہاں شہریوں کی زندگیوں سے کھیلتا تھا، ایم کیو ایم کراچی کا امن سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، سیاست میں دہشتگردی کون کرنا چاہتا ہے سب کو معلوم ہے۔
ہر انسان کی جان قیمتی ہے اور اگر کوئی قتل ہوا ہے تو تحقیقات ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم نے جمہوریت کو بچانے کے لیے شہید بی بی کو کھویا ہے۔
8 فروری کے بعد چھینا جھپٹی کی سیاست کا اعلان مصطفیٰ کمال کو زیب نہیں دیتا، 2018 میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بھی یہی صاحب اپنی جماعت سے منتخب کروارہے تھے۔
صفر جمع صفر، صفر ہی رہتا ہے، چاہے کچھ بھی کرلیا جائے لہٰذا مصطفیٰ کمال شرانگیزی نہ پھیلائیں، شہر ایسی کسی بھی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، ایم کیو ایم قیادت مصطفیٰ کمال کے شرانگیز بیان کا نوٹس لے۔