بگ بیش لیگ، عثمان خواجہ کا اسرائیلی حملوں کے شکار فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے بعد آسٹریلین کرکٹر عثمان خواجہ نے بگ بیش لیگ میں اسرائیلی حملوں کے شکار فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ میں عثمان خواجہ کے جوتوں پر زیتون کی شاخ اور فاختہ کی تصاویر نمایاں ہوئیں،بگ بیش لیگ میں برسبین ہیڈ کے عثمان خواجہ نے پرتھ اسکارچرز کے خلاف میچ میں جوتوں پر امن کی علامات نمایاں کیں۔
آئی سی سی نے عثمان خواجہ کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے فلسطینیوں کے حق میں نعرے والے جوتے پہننے سے منع کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے عثمان خواجہ کو اِسی سیریز میں فلسطین کے حق میں بلے پر تحریر اور جوتے پر امن کی علامت فاختہ کا نشان استعمال کرنے سے روک دیا تھا جس پر کرکٹر نے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔