پی ٹی آئی کا کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا ہے نہ عدلیہ کے خلاف کوئی بیان دیا: گوہر خان

0 97

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں، تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے عدلیہ کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بارے میں کوئی بھی بیان پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے ہی جاری ہوگا، پی ٹی آئی نے عدلیہ کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ بلے پر سپریم کورٹ کا جو فیصلہ ہوگا منظور ہوگا، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ انتخابات کا 8 فروری کو انعقاد پتھر پر لکیر ہے، 14 سینیٹرز کی موجودگی میں انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے غیر ملکی جریدے میں شائع آرٹیکل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل شائع کرانا بڑی بات نہیں کوئی بھی کراسکتا ہے، انہیں تو سادہ کاغذ لے جانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان کی پریس کانفرنس ایک دن کی تاخیر سے ہوئی، بیرسٹر گوہر نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے تفصیلات حاصل کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بانی پی ٹی آئی کے پارٹی کارکنان کیلئے پیغامات صرف بیرسٹر گوہر کے ذریعے پہنچائے جائیں گے، بیرسٹر گوہر کے سوا بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی اور بات کرنے کا مجاز نہیں۔

پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس کے ہوتے تحریک انصاف کو انصاف کی کوئی امید نہیں۔

بعد ازاں پی ٹی آئی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں دیے گئے بیانات سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں دیے گئے بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.