
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ جنگ کے بعد اپنے چوتھے دورہ مشرق وسطیٰ سے قبل استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک ہم منصب سے ملاقاتیں کیں۔
ترک رہنماؤں اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں غزہ کی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ غزہ تنازع پھیلنے سےروکنے پر ہے، تنازع میں کمی کیلئےترکیہ فریقین سے تعلقات استعمال کرنےکیلئےتیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا لیکن صیہونی حکومت کو اپنادفاع کرناہے۔
دوسری جانب حماس رہنما اسماعیل ہنیہ نے امریکی وزیر خارجہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بلنکن صیہونی جارحیت ختم کروانے پر توجہ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کیلئے امریکی حمایت غزہ میں لوگوں کے قتل عام کی وجہ بنی ہے، امید ہے بلنکن نے پچھلے تین ماہ کے واقعات سے سبق سیکھا ہوگا۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن غزہ جنگ کے بعد چوتھی مرتبہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔
اپنے دورے کے موقع پر انٹونی بلنکن اردن، قطر، اسرائیل، مغربی کنارے، مصر، سعودی عرب اور یو اے ای بھی جائیں گے جہاں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔