ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیاں، مسلسل 2 سال ایوارڈ جیتنے والے بابر شامل نہیں
مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں گزشتہ سال اور ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اس سال پاکستان کا کوئی کھلاڑی بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں ہوا، گزشتہ 2 سال آئی سی سی مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم کے نام رہا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر 2023 کی نامزدگیوں میں بھارت کے 3 اور نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔
بھارت کے ویرات کوہلی، محمد شامی ، شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں جگہ بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
آئی سی سی نے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا،مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں نیوزی لینڈ کےمارک چیپمین، یوگینڈا کے ایلپیش رامجانی، زمبابوے کے سکندر رضا اور بھارت کے سوریا کماریادیو شامل ہوئے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی ایمرجنگ مینز کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں جنوبی افریقا کے جیرالڈ کوئٹزے، بھارت کے یاشاسوی جسوال، سری لنکا کے دلشن مدھو شنکا، اور نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا شامل ہیں۔
آئی سی سی ایوارڈز کےفاتحین کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے ہوگا، ایوارڈز جیتنے والے کرکٹرز کا اعلان اس ماہ کے آخر میں ہوگا۔