پیرس اولمپکس، آخری وقت میں کوالیفائنگ راؤنڈ میں انٹری، پاکستان پابندی سے بچ گیا

0 127

اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹیم کی انٹری بھیجنے کی آخری تاریخ یکم جنوری تھی، یکم جنوری کو ہی پی ایچ ایف نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن(ایف آئی ایچ )سے رابطہ کرکے ایک دن کی توسیع لی اور فوری ٹرائلز کرا کے پاکستان ٹیم کی انٹری کرادی۔

اگر یہ نہ کیا جاتا تو پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر ہوسکتی تھی اور پی ایچ ایف پر پابندی یا جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا تھا لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کاوش رنگ لے آئی۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان ہاکی اسکواڈ کی اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں شرکت کی تصدیق کردی گئی،ایف آئی ایچ کی جانب سے پی ایچ ایف ایگزیکٹو سیکرٹری علی عباس کے بروقت ٹیم انٹری بھجوانے کے عمل کو بھی سراہا گیا۔

صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور اس کے صدر طیب اکرام کا خصوصی طور پر مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی کا ساتھ نبھایا اور ہرممکن معاونت کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائر ایونٹ میں شرکت کے لیے ممکنہ طور پر 12 جنوری کو مسقط کے لیے روانہ ہوگی،15 تا 21 جنوری کھیلے جانے والے اولمپک کوالیفائر میں پاکستان پول اے میں شامل ہے۔

پول اے میں پاکستان انگلینڈ ملائیشیا اور چین جبکہ پول بی میں جرمنی نیوزی لینڈ، کینیڈا اور چلی کی ٹیمیں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.