فافن کا امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر اوز کے فیصلے شائع کرنے کا مطالبہ
فری اینڈ فیئرالیکشن نیٹ ورک (فافن) کے مطابق ریٹرننگ افسران کسی بھی امیدوار کے کاغذات مسترد کرنے کا اپنا فیصلہ جاری کریں کیونکہ تفصیلی فیصلوں کا اجراء کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری ہیں۔
ضوابط کے خلاف کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر الیکشن کمیشن اختیارات استعمال کرے، خلاف ضابطہ کاغذات مسترد کرنے پر الیکشن کمیشن متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔
الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت آر اوز کاغذات مسترد یا منظور کرنے کے فیصلے جاری کرنے کے پابند ہیں، الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 12.4 فیصد رہی ہے۔
الیکشن 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 10.4 فیصد اور الیکشن 2013 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 14.6 فیصد رہی تھی۔
خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت دیگر متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔