سال نو پر ہوائی فائرنگ، خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی

0 87

کراچی میں سال نو کے موقع پرآئی جی سندھ رفعت مختار راجہ اور کراچی پولیس چیف خادم رند کے سخت احکامات کو شہریوں نے ہوا میں اڑا دیا۔

رات 12 بجتے ہی شہر شدید ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ اندھی گولیاں لگنے سے شہر کے مختلف علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

شاہراہوں پر منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر نکل آئے ، بیشتر مقامات پر ٹریفک کے دبائو کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہو گیا، جبکہ پولیس نے مختلف الزامات کے تحت 38سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔

ہوائی فائرنگ کی صورتحال پورے کراچی میں دیکھنے کو ملی ، زیادہ تر ہوائی فائرنگ شہریوں نے اپنے گھروں کی چھتوں سے کی۔

سب سے زیادہ ہوائی فائرنگ نیو کراچی ، سرجانی ٹائون ، نارتھ کراچی ، کٹی پہاڑی ، پہاڑ گنج ، گلشن معمار ، سچل ، صفورا گوٹھ ، گلستا ن جوہر ، شاہ فیصل ، ملیر ، قائد آباد ، ماڈل کالونی ، کورنگی ، لانڈھی ، ابرا ہیم حیدری ، محمود آباد ، چنیسر گوٹھ ، اعظم بستی ، ڈیفنس ویو ، گولیمار ، پاک کالونی ، بنارس ، اورنگی ٹائون ، منگھو پیر ،بلدیہ ٹائون ، سائٹ سپر ہائی وے ، سائٹ ایریا ، میٹرو ویل ، شیر شاہ ، لیاری ، لیاقت آباد ، سولجر بازار ،پرانی سبزی منڈی ، پی آئی بی کالونی ، مچھر کالونی ، کیماڑی ، شریں جناح کالونی ، لائنز ایریا ، برزٹہ لائن کے علاقے شامل ہیں۔

پولیس کے اعلی افسران کی جانب سے احکامات تھے کہ ہوائی فائرنگ میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا مگر پولیس کی یہ دھمکی بھی فائرنگ کرنے والوں کو لگام نہیں ڈال سکی۔

ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر جو افراد زخمی ہوئے ان میں 40سالہ نعمان ولد نیاز ، عدنان ولد عمر، رخصار، نوما دختر آصف، خاتون عائشہ زوجہ عمران، 7 سالہ بچہ حسن، المان ولد یوسف، علی رضا اور شہزاد ولد مجیب، سات سالہ بچہ صائم ودیگر شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.