ایپل کا پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ 2024 میں فروخت کیلئے پیش کیے جانیکا امکان
کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر ایپل کے سی ای او ٹم کک نے ورچوئل رئیلٹی (وی آر) اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی پر مبنی ہیڈ سیٹ کو پیش کیا تھا۔
یہ کمپنی کی جانب سے 8 سال میں متعارف کرائی گئی پہلی اہم ترین ڈیوائس تھی، اس سے قبل 2015 میں ایپل واچ کو پیش کیا گیا تھا،مگر اس وقت یہ ڈیوائس فروخت کے لیے پیش نہیں کی گئی تھی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کو توقع ہے کہ ایک سال کے دوران 5 لاکھ ہیڈ سیٹس فروخت ہوں گے،خیال رہے کہ عموماً ایپل کی جانب سے ہر سال 20 کروڑ سے زائد آئی فونز فروخت کیے جاتے ہیں۔
جون میں ڈیوائس کو متعارف کراتے ہوئے ایپل کے ہیومین انٹرفیس ڈویژن کے نائب صدر ایلن ڈائی نے بتایا تھا کہ اس ہیڈ سیٹ سے صارفین کو اپنے اردگرد کا اے آر ورژن دیکھنے یا مکمل ورچوئل رئیلٹی مقام دیکھنے کا تجربہ ہوگا۔
ویژن پرو کو کنٹرول کرنے کے لیے آپ کی آنکھوں، ہاتھوں اور آواز پر انحصار کیا جاتا ہے، آپ محض دیکھ کر سسٹم کے مختلف حصوں کو براؤز کر سکتے ہیں۔
ڈیوائس کے فرنٹ پر ٹرانسپیرنٹ اسکرین موجود ہے تاکہ آپ اپنے آس پاس کے ماحول کو دیکھ سکیں،اس ڈیوائس میں آئی او ایس ایپس کو چلانا ممکن ہے، یعنی فیس ٹائم کو اے آر ٹیکنالوجی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ویژن پرو میں 3 ڈی کیمرا دیا گیا ہے جسے تصاویر کھینچنے اور وی آر ٹیکنالوجی کے تجربے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،اسی طرح ڈیوائس میں ہر آنکھ کے سامنے 4k ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ ایم 2 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔
یہ ایک ڈیوائس ٹی وی، سراؤنڈ ساؤنڈ سسٹم، طاقتور لیپ ٹاپ اور گیمنگ کنسول کا متبادل ہے۔