ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی پر اوپن اے آئی کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا الزام
ایک رپورٹ کے مطابق بائیٹ ڈانس کی جانب سے اپنے اے آئی چیٹ بوٹس کے لارج لینگوئج ماڈلز کو بہتر بنانے کے لیے اوپن اے آئی کی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بائیٹ ڈانس کی جانب سے اوپن اے آئی کے ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ صارفین اس کے Application Programming Interface (اے پی آئی) استعمال کرکے ایسے اے آئی ماڈلز تیار نہیں کر سکتے جو کمپنی کی مصنوعات کا مقابلہ کریں۔
اوپن اے آئی نے 15 دسمبر کو بائیٹ ڈانس کا اکاؤنٹ معطل کرنے کی تصدیق کی تھی،دوسری جانب بائیٹ ڈانس نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے کچھ غلط نہیں کیا اور اس کے پاس جی پی ٹی اے پی آئیز استعمال کرنے کا لائسنس موجود ہے۔
بائیٹ ڈانس کو مائیکرو سافٹ نے جی پی ٹی اے پی آئیز استعمال کرنے کا لائسنس دیا، ہم جی پی ٹی کو چین سے باہر کی مارکیٹوں کے لیے اپنی پراڈکٹس اور فیچرز میں استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ہمارا تیار کردہ اے آئی ماڈل Doubao صرف چین میں دستیاب ہے۔
بائیٹ ڈانس کے مطابق اس نے اوپن اے آئی کی ٹیکنالوجی کو اپنے اے آئی ماڈلز کی تیاری کے لیے امریکی کمپنی کے ضوابط کو مدنظر رکھ کر استعمال کیا۔