حماس نے 5 روز میں 100 سے زائد صیہونی فوجی گاڑیاں تباہ کردیں
فلسطین کی مزاحمت پسند تنظیم حماس نے 5 روز میں 100 سے زائد صیہونی فوجی گاڑیاں تباہ کر دیں ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے صیہونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے جس کیلئے حماس کے جنگجو غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کر رہا ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ انہوں نے 5 روز میں 100 سے زائد صیہونی فوجی گاڑیاں تباہ کیں اور متعدد صیہونی فوجی ہلاک کیے۔
دوسری جانب امریکا کی طرف سے صیہونی حکومت کی عملی مدد جاری ہے جس کے سبب بحیرہ احمر میں حوثیوں کے 14ڈرون مار گرائے گئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں نے صیہونی حکومت سے آنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانا چاہا تھا۔
ادھر برطانیہ بھی صیہونی حکومت کی مدد میں پیش پیش ہے اور برطانوی جنگی جہاز نے بھی بحیرہ احمر میں مشتبہ ڈرون حملہ ناکام بنایا۔
حوثیوں کے حملوں کے بعد ڈنمارک اور فرانس کی شپنگ کمپنیوں نے بحیرہ احمر میں سروسز معطل کردی ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک جاری صیہونی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 76 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔