آرمی چیف کی اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

0 135

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن، سیکرٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن کے علاوہ نائب امریکی وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ اور نائب قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے بھی ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی اور عالمی و علاقائی سلامتی کے باہمی امور پر گفتگو ہوئی، اس کے علاوہ ملاقاتوں میں جاری بین الاقوامی تنازعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کا نکتہ نظر سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا اور مسئلہ کشمیر بین الاقوامی قانون، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کی پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بھی شرکت کی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بات چیت کی، آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملکی ترقی کیلئے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملکی ترقی کیلئے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کامیابیوں کا ذکر بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.