صیہونی حکومت نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں زمینی آپریشن میں مزید 4 افسران سمیت7 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
صیہونی حکومت نے 27 اکتوبر کو غزہ میں زمینی آپریشن شروع کیا تھا اور اب تک اسے مجاہدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
زمینی آپریشن میں صیہونی فوجیوں کی ہلاکت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
صیہونی افواج نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں 4 افسران سمیت 7 فوجی مارے گئے ہیں جس کے بعد زمینی آپریشن میں ہلاک صیہونی فوجیوں کی تعداد 104 ہوگئی۔
صیہونی افواج کے مطابق زخمی فوجیوں میں سے 133 کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب مزاحمتی تنظیم حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کے اندرونی علاقوں میں داخل ہونے والی صیہونی فوج سے دو بدو لڑائی جاری ہے اور صیہونی حکومت کے فیلڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو مارٹر گولوں، دھماکا خیز آلات سے نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی فوج کی 44 گاڑیاں تباہ اور 40 صیہونی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔