انٹرنیشنل انفلوئنسرزاورفلسطینیوں نے آج صیہونی جارحیت کے خلاف عالمی ہڑتال کی کال دیدی

0 177

سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر انٹرنیشنل انفلوئنسرز اور فلسطینیوں کے اتحاد نے امریکی اقدام اور صیہونی جارحیت کے خلاف آج عالمی ہڑتال کی کال دیدی۔

عالمی ہڑتال کے منتظمین کی جانب سے غزہ میں پچھلے دو ماہ سے جاری صیہونی بمباری کے خاتمے اور فوری جنگ کا مطالبہ کیا گیا۔

ہڑتال کی کال فلسطین کے قومی اور اسلامی گروپوں کے اتحاد کی جانب سے دی گئی ہے جس میں مغربی کنارے سمیت دنیا بھر میں مقیم فلسطینیوں اور فلسطین کے حامیوں کو صیہونی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

عالمی ہڑتال کی کال دینے والے اتحاد کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ پوری دنیا سے بااثر شخصیات اور عام لوگ اس عالمی ہڑتال کا حصہ بن کر اسے کامیاب بنائیں گے اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے اپنی آواز بلند کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ ہڑتال عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے علاوہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے دباؤ ڈال سکے گی۔

فلسطینیوں کی جانب سے عالمی ہڑتال کی کال کے بعد لبنان نے آج تمام سرکاری دفاتر، نجی اور سرکاری اسکولوں میں غزہ جنگ بندی کیلئے عالمی ہڑتال میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.