سندھ میں تعلیمی بورڈز کی سربراہی کمشنرز کو دینے کا فیصلہ

0 95

سندھ کے تعلیمی بورڈز میں میرٹ پر چیئرمین مقرر کرنے کے بجائے اسٹاپ گیپ ارینج منٹ کے نام پر بیورو کریٹس کو چیئرمین مقرر کیا جارہا ہے۔

انٹر بورڈ کراچی کے عہدے کا چارج کمشنر کراچی، سکھر بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کا چارج کمشنر سکھر اور نوابشاہ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کا چارج کمشنر نواب شاہ کو دیا جارہا ہے جب کہ باقی بورڈز میں بھی چیئرمین کے عہدے کا چارج کمشنرز کو دیا جائے گا۔

اس حوالے سے محکمہ بورڈ و جامعات کے سیکرٹری نور محمد سموں کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے منظوری دیدی ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے یہ اقدام ایسے وقت کیا گیا ہے جب الیکشن کا شیڈول کا اعلان ہونے والا ہے، اس سے قبل الیکشن کمیشن چیف سیکرٹری سندھ کو خط کے ذریعے آگاہ کرچکا ہے کہ آفیسرز الیکشن ڈیوٹیز میں مصروف ہیں۔

ان کے تبادلے نہ کیئ جائیں جب کہ سندھ کے بورڈ آف ریونیو نے الیکشن کمیشن کے خط کی روشنی میں کیے گئے تبادلوں کے عمل کو روک دیا تھا۔

سابق وزیر اسماعیل راہو اور سیکرٹری بورڈز و جامعات مرید راہموں نے سرچ کمیٹی کے ذریعے انتخاب کردہ پانچ تعلیمی بوردڈز کے چیئرمین کی تقرری کو روک دیا تھا جب کہ ان امیدواروں کی کلیئرنس تین معتبر انٹیلیجنس ایجنسیوں نے بھی کردی تھی۔

سابق وزیر میرٹ پر چیئرمین بورڈز کی تقرری نہیں چاہتے تھے اسی لیے وزیراعلیٰ سندھ کو منفی ریمارکس کے ساتھ سمری بھیجی گئی اور نگراں حکومت میں محکمہ بورڈز و جامعات نے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق ان تبادلوں میں وزیر تعلیم کے ڈیپوٹیشن پر تعینات پی ایس حلیم سومرو اور سیکرٹری کالج ایجوکیشن کے پی ایس امتیاز پٹھان کا ہاتھ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.