عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف مقدمات کی فہرست لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں جمع کروا دی گئی۔
شیخ رشید جی ایچ کیو حملہ کیس، حساس ادارے کے دفتر پر حملہ، پتھراؤ، جلاؤ گھیراؤ کیس، آرمی میوزیم پر حملہ کیس، رحمان آباد میٹرو بس اسٹیشن جلانے کے مقدمے سمیت 10 کیسز میں نامزد ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف سابق وزیر داخلہ کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر کل 9 دسمبر کو سماعت کریں گے۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے شیخ رشید سے متعلق 10 مقدمات کی رپورٹ جسٹس چوہدری عبدالعزیز کے روبرو جمع کروادی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت مقدمات کی تفتیش میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گی۔
عدالت نے شیخ رشید کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں عدالت مقدمات کی تفتیش بھی کرے؟، جس پر وکیل سردار عبدالرزاق خان نے جواب دیا کہ مقدمات کی جو رپورٹ پیش کی گئی ہے، عدالت اس کی جانچ پڑتال کرے۔ شیخ رشید کو 6 ماہ بعد 9 مئی کے مقدمات میں کیسے نامزد کیا گیا؟۔
عدالت نے کہا کہ شیخ رشید کے 10 مقدمات کی تفصیل آگئی ہے، جس کی کاپی آپ کو فراہم کردی گئی ہے۔ بعد ازاں مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی گئی۔