پاکستان نے آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ کے پہلے رو ز 324 رنز بنا لئے
کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان نے آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کےخلاف کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ وارم اپ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنالئے۔
پاکستان ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ پر 96 قیمتی رنز بنائے۔
آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کی طرف سے جارڈن بکنگھم نے تین ،مارک سٹیکیٹی ،نیتھن مک اینڈریو اور ٹوڈ مرفی نےایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
بدھ کو کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ وارم اپ میچ شروع ہوا تو پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر جارڈن بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 38 رنز بنا کر سٹیکیٹی کی گیند پر بینکرافٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم پاکستان کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔
جنہوں نے شان مسعود کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ پر 96 قیمتی رنز سکور کیےتاہم وہ انفرادی 40 رنز بنا کر جارڈن بکنگھم گیند پر پیئرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ سعود شکیل بھی چائے کے وقفے کے بعد جلد ہی آؤٹ ہو گئے ۔
انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس دوران شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرلی،سرفراز احمد پاکستان کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 41 رنز بناکر جارڈن بکنگھم کی گیند پر پیئر سن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔