اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہونے کی تردید کردی

اسٹیٹ بینک نے درآمدی ادائیگیاں نہیں روکیں،ترجمان

0 510

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہوگئے یا انہیں خرچ نہیں کیا جاسکتا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق درآمدی ادائیگیاں روکنے اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ نہ ہونے کی اطلاعات غلط ہیں، اسٹیٹ بینک نے درآمدی ادائیگیاں نہیں روکیں۔

مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ 8.9 ارب ڈالر کے سرکاری ذخائر مکمل طور پر قابل استعمال ہیں اور سونے کے ذخائر اس کے علاوہ ہیں۔

مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ کمرشل بینکوں کے پاس ادائیگیوں کے لیے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں، رواں ماہ کے دوران انٹربینک مارکیٹ سے 4.7 ارب ڈالر کی درآمدی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل گھٹ رہے ہیں جب کہ ہر روز روپے کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 215 روپے دیکھی گئی تھی تاہم وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے ایک 2 دن میں قرض کے معاہدے کی بحالی کا عندیہ دیا ہے جس کے بعد امید ہے کہ ڈالر کی قدر میں استحکام آّئے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.