مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 4 نوجوان شہید
نوجوانوں کو کپواڑہ اور کولگام میں محاصرے کے دوران شہید کیا گیا
بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران آج مقبوضہ کشمیرمیں مزید چار نوجوانوں کو شہید کردیا۔
بھارتی فوجیوں نے دو نوجوان کو کپواڑہ جبکہ دیگردو کولگام میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا، بھارتی فوجیوں نے ڈی ایچ پورہ کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے تلاشی لی۔
آخری اطلاعات تک دونوں علاقوں میں آپریشن جاری تھا۔ ادھربھارتی پولیس نے ہندواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈ میں تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب جب دنیا بھر میں آج والد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بچے اپنے باپ کی شفقت سے محروم ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 33 سال میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک لاکھ 7ہزار860 بچے یتیم اور 22ہزار 944 خواتین بیوہ ہوئیں۔
مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 2010 سے پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی طرف سے مہلک چھروں کے استعمال سے سینکڑوں نوجوان اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ ہزاروں کشمیری بچے خوف ودہشت کے ماحول کی وجہ سے نفسیاتی صدمے کا سامنا کررہے ہیں